نیویارک: کرونا وائرس کی سب سے اہم احتیاطی تدبیر سماجی فاصلے کا مذاق بنانے والی لڑکی کے ٹیسٹ کی رپورٹ پازیٹیو آگئی۔
دی سن کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاسٹ ٹینیسی کی رہائشی 21 سالہ لڑکی آئرلینڈ ٹیٹی کی چند روز قبل سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ سماجی میل جول ختم کرنے (سوشل ڈسٹینسنگ) اور گھر میں رہنے کی حکومتی ہدایات کا مذاق بنا رہی تھی۔
رپورٹ کے مطابق ایک روز قبل ٹیٹی کی طبیعت خراب ہوئی جس پر اہل خانہ اُسے لے کر اسپتال پہنچے۔ ڈاکٹرز نے مریضہ کی حالت کو دیکھتے ہوئے کرونا کی تشخیص کا ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ پازیٹیو آئی۔
اپنی ویڈیو میں ٹیٹی کا کہنا تھا کہ ’مجھے وائرس کی کوئی فکر نہیں اور نہ ہی اس بات کی کوئی پریشانی ہے کہ میری وجہ سے کوئی دوسرا شخص وائرس سے متاثر ہوسکتا ہے، کرونا مجھے متاثر نہیں کرسکتا‘۔
مزید پڑھیں: کرونا کی تشخیص، کتوں کی خدمات لینے پر غور
کرونا کی تشخیص کے بعد ٹیٹی نے ایک اور بیان دیا اور بتایا کہ ’بیماری میں مبتلا ہونا میری زندگی کا خوفناک تجربہ ہے، اب مجھے ایسا لگ رہا ہے جیسے ہر وقت سینے پر کوئی وزنی چیز رکھی ہوئی ہے، مجھے سانس لینے میں بھی تکلیف ہے اور بار بار کھانسی کا دورہ پڑتا ہے‘۔
ٹیٹی کا کہنا تھا کہ ’جب دورہ پڑتا ہے تو کھانستے کھانستے برا حال ہوجاتا ہے اور پھر میرے گلے سے خون آنے لگتا ہے‘۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ یہ وائرس ایک دوست سے میرے اندر منتقل ہوا کیونکہ میں نے اُس سے ملاقات کرتے ہوئے احتیاط نہیں کی تھی‘۔
0 Comments